Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اصل قیدی انتظار کرتا رہ گیا، ہم نام قیدی جشن مناتا باہر نکل گیا

بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں ایک انوکھا واقعہ رپورٹ ہوا جس میں پولیس کی غفلت سے اصل قیدی انتظار کرتا رہ گیا اور ہم نام قیدی جشن مناتا باہر نکل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرید آباد کی نیمکا جیل میں انتظامی غفلت کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک قیدی کو ضمانت پر رہا کیا جانا تھا لیکن اسی نام کے دوسرے قیدی کو جیل سے رہا کردیا گیا۔

غلطی کا انکشاف ہوتے ہی محکمہ جیل نے تفتیش شروع کی اور لاپرواہی ثابت ہونے پر دو وارڈنز، ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، ایک سب اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور ایک کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا۔

جیل کے سپرنٹنڈنٹ ہریندر نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ جیل کے نظم و نسق پر سوالیہ نشان ہے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

رہا ہونے والا قیدی ایک حساس مقدمے میں ملوث تھا جو کہ POCSO ایکٹ کے تحت زیر حراست تھا۔ اس سنگین کوتاہی نے نہ صرف بھارت میں نظام کی خامیاں ظاہر کی ہیں بلکہ سیکیورٹی اور عدالتی عمل کے اعتبار سے بھی تشویش پیدا کی ہے۔

واضح رہے کہ عوامی سطح پر اس معاملے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسی لاپرواہی پر سخت ایکشن لیا جائے تاکہ جیل نظام میں شفافیت اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ خبریں