Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیل کے ایران پر حملے؛ آیت اللہ خامنہ ای کا بڑا اعلان سامنے آگیا

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صہیونی ریاست کو اس جارحیت کا کڑا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا ’’آج صبح اسرائیل نے ایران کی سرزمین پر سنگین حملہ کر کے ایک ناقابل معافی جرم کا ارتکاب کیا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا ’’اسرائیل نے دانستہ طور پر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے اس کے خون آلود عزائم اور شیطانی فطرت بے نقاب ہوچکی ہے‘‘۔

 

آیت اللہ خامنہ ای نے تصدیق کی کہ ان حملوں میں ایران کی تین اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں کئی سینئر کمانڈرز اور اہم سائنسدان شہید ہوئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کی مسلح افواج اس حملے کا مناسب وقت پر فیصلہ کن جواب دیں گی۔

دوسری جانب عالمی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے ایران کے جوہری اور فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ان حملوں میں ایرانی آرمی چیف میجر جنرل محمد باقری، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، 6 جوہری سائنسدان اور عام شہری شہید ہوئے۔

واضح رہے کہ ایران نے اس حملے کو باقاعدہ جنگ کا آغاز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

متعلقہ خبریں