اسرائیل نے ایران کے خلاف اپنے فوجی آپریشن کو ’’رائزنگ لائن‘‘ کا نام دیا ہے جو کہ بائبل کی ایک آیت سے لیا گیا ہے جس میں اسرائیل کی طاقت اور فتح کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کو جمعرات کے روز یروشلم کی مغربی دیوار (جو یہودیت کی مقدس ترین عبادت گاہ ہے) کی دراڑ میں ایک ہاتھ سے لکھی گئی دعا رکھتے ہوئے تصویر میں دیکھا گیا جو بعد ازاں ایران پر ممکنہ حملے کی پیش گی علامت سمجھی گئی۔
جمعہ کو ان کے دفتر نے اس دعا کی تصویر جاری کی جس میں لکھا تھا ’’قوم شیر کی طرح اٹھے گی‘‘۔
یہ جملہ بائبل کی کتاب کی آیت 23-24 سے لیا گیا ہے جہاں لکھا ہے ’’دیکھو، یہ قوم ایک عظیم شیر کی طرح اٹھے گی اور ایک جوان شیر کی مانند خود کو بلند کرے گی، وہ آرام نہیں کرے گی جب تک شکار نہ کر لے اور مارے گئے لوگوں کا خون نہ پی لے‘‘۔
یہ آیت بلام نامی ایک غیر اسرائیلی نبی کی پہلی پیشن گوئی کا حصہ ہے جس میں وہ اسرائیل کی قوت اور برتری کو ایک بھوکے شیر سے تشبیہ دیتے ہیں جو اپنی بھوک مٹانے تک چین سے نہیں بیٹھتا۔
واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں کو “شیطانی” قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔




















