تل ابیب: اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع وزارتِ دفاع اور ایک حساس تحقیقی ادارے کو حالیہ فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے، تاہم یہ پیش رفت خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) سے وابستہ ایک نجی نیوز ایجنسی نے بھی ان حملوں کی تصدیق کی ہے، جس کے مطابق وزارتِ دفاع کی ایک ہیڈ کوارٹر عمارت، جو تہران کے نوبنیاد علاقے میں واقع ہے، فضائی حملے کا ہدف بنی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم جانی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران کے اہم دفاعی تحقیقی ادارے، “آرگنائزیشن آف ڈیفنسو انوویشن اینڈ ریسرچ (ایس پی این ڈی) ” کو ایک علیحدہ حملے میں نشانہ بنایا گیا، تاہم یہ ادارہ ایران کے حساس دفاعی اور مبینہ جوہری منصوبوں سے وابستہ تصور کیا جاتا ہے، اور ماضی میں مغربی ممالک کی جانب سے اس پر جوہری تحقیق میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔
تاحال ایرانی حکام کی جانب سے ان حملوں پر کوئی باضابطہ ردعمل یا بیان جاری نہیں کیا گیا۔
