چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ خودمختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع میں چین ایران کے ساتھ ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلفونک رابطہ کیا۔
ٹیلفونک رابطہ کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف ہیں، ایٹمی تنصیبات پر حملے کر کے اسرائیل خطرناک روایت قائم کررہا ہے۔
وانگ ای نے مزید کہا کہ عالمی برادری ایران کے ایٹمی مسئلے کا سفارتی حل چاہتی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ای نے ایران کو یقین دلایا کہ چین، ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل ایران جنگ پر عالمی رہنماؤں کے ایک دوسرے سے رابطے جاری
اس سے قبل چین نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت بھی کی اور کہا کہ ایران کو پرامن جوہری توانائی کے استعمال کا پوراحق حاصل ہے، اسرائیل کشیدگی میں مزید اضافہ روکنے کے لیے اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے۔
چینی وزیر خارجہ نے اسرائیلی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو فوجی کارروائیاں بند کرنے اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا




















