تہران: ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی حکومت کی جانب سے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی پر تہران میں ایرانی ارکانِ پارلیمنٹ نے ’’پاکستان تشکر، تشکر‘‘ کے نعرے لگائے اور پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ نعرے اس وقت گونجے جب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی خودمختاری کے دفاع میں پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی پشت پناہی قابل قدر ہے۔
پاکستان تشکر تشکر پاکستان تشکر تشکر
Thank you Pakistan Thank you Pakistan. Slogans raised in Iranian parliament ✊ pic.twitter.com/psVPqCY3Qd— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) June 16, 2025
اس موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کی جانب سے شہری علاقوں پر حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن کے خلاف یکجہتی اور بیداری کا مظاہرہ کریں۔
ایوان میں موجود ارکان نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی کمانڈرز، سیکیورٹی اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی جس میں انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔
پاکستان نے اس معاملے کو عالمی سطح پر بھی اجاگر کیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں کہا کہ اسرائیل کا حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنا دفاع کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔




















