Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران نے جوہری تنصیبات پر حملے کی تصدیق کردی

تہران: ایران نے پہلی بار سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی حملوں کے دوران تین اہم جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی ایٹمی توانائی ادارے نے اپنے ایک بیان میں جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے فردو، نطنز اور اصفہان پر جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا، جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق صوبہ قُم کے کرائسس مینجمنٹ سیل کے ترجمان مرتضیٰ حیدری نے بتایا کہ فردو میں واقع جوہری مرکز کے ایک حصے پر فضائی حملہ کیا گیا۔ یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔

اس سے قبل ایران کے نائب سیاسی ڈائریکٹر حسن آبادی نے سرکاری ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان تینوں جوہری مراکز کو ممکنہ حملے سے قبل احتیاطی تدابیر کے تحت خالی کروا لیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

ان کے بقول، اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی باتوں میں کچھ سچائی ہو سکتی ہے، لیکن ہم نے جوہری مواد کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا تھا، اس لیے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

اصفہان کے سیکیورٹی نائب گورنر اکبر صالحی نے بھی نطنز اور اصفہان میں دھماکوں کی آوازیں سننے اور تنصیبات کے قریب حملوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

ایرانی حکومت کی یہ تصدیق امریکی صدر کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ فورڈو، نطنز اور اصفہان پر “کامیاب حملے” کیے گئے ہیں۔

ایران کی اس تصدیق سے عالمی سطح پر پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور مشرق وسطیٰ میں سیاسی اور سفارتی بحران کو گہرا کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version