عجمان میں گرمیوں کے لیے ورکنگ اوقات میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے جمعہ کو مکمل ’ورک فرام ہوم‘ کی پالیسی نافذ کردی۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان نے موسم گرما میں سرکاری ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیوٹی اوقات میں نمایاں کمی اور جمعہ کو مکمل طور پر گھروں سے کام (ورک فرام ہوم) کی پالیسی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ ولی عہد شیخ عمار بن حمید النعیمی کی زیر صدارت عجمان ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں شہریوں کی سماجی زندگی کو بہتر بنانے اور موسم گرما کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اوقات کار کی منظوری دی گئی۔
کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیا نظام یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور 22 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔
ہفتے کے دنوں جمعرات سے پیر تک روزانہ کام کے اوقات ایک گھنٹہ کم کرکے 7 گھنٹے مقرر کیے گئے ہیں۔
نئی ڈیوٹی ٹائمنگ کے تحت دفاتر کا آغاز صبح 7:30 بجے ہوگا اور اختتام دوپہر 2:30 بجے ہوگا جب کہ جمعہ کے روز تمام سرکاری ملازمین 100 فیصد ’ورک فرام ہوم‘ کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔
عجمان حکومت کا کہنا ہے کہ کارکنوں کو گرمیوں میں زیادہ آرام، اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور سماجی توازن کو بہتر بنانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
عجمان حکومت کا مزید کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف پیداواری صلاحیت میں بہتری آئے گی بلکہ ملازمین کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
