یومِ آزادی پاکستان کے پرمسرت موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت امریکی کانگریسی رہنماؤں نے پاکستانی عوام اور امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے یوم آزاد ی پراپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے میں پاکستان کے عوام کو 14 اگست کے یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں شمولیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جبکہ ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں، جن میں اہم معدنیات اور ہائیڈرو کاربن شامل ہیں انہیں فروغ دینے پر کے خواہاں ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم متحرک کاروباری شراکت داریوں کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، یہ اقدامات امریکی اور پاکستانی عوام کے لیے خوشحال مستقبل کا سبب بنیں گے۔
جشن آزادی پاکستان کے شاندار موقع پر کیلیفورنیا کی رکن کانگریس جوڈی چو نے پاکستانیوں کے لیے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی مبارک، مجھے یوم آزادی کی تقریب کا حصہ بننے پر فخر ہے۔
کانگریسی رکن نے پاکستانی کمیونٹی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر میں پاکستانی عوام اور جنوبی کیلیفورنیا میں متحرک پاکستانی امریکن کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں، امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، آپ کی خدمات کی بدولت یہاں کی معیشت کو تقویت ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی اورجشن فتح معرکہ حق پر صدرمملکت اور وزیراعظم کی پوری قوم کومبارکباد
مضبوط پاک امریکہ تعلقات اور خصوصاً امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کے حوالے سے امریکی رہنماؤں کی مشترک رائے دوطرفہ تعلقات کے لیے حوالے سے انتہائی حوصلہ افزا امر ہے۔
دوسری جانب یومِ جشن آزادی پاکستان کے موقع پر خاتون رکن کانگریس زو لوفگرن نے بھی اپنے پیغام میں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
رکن کانگریس زو لوف گرن نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر میری طرف سے پاکستانی عوام اور پاکستانی امریکیوں کو مبارکباد، میں پاکستانی امریکیوں کی خدمات کے بارے میں ذاتی طور پر آگاہ ہوں۔
زو لوف گرن نے مزید کہا کہ سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی ایک بڑی اور متحرک کمیونٹی کا گھر ہے جو ہمارے ملک کی فلاح و بہبود میں بہت زیادہ حصہ ڈالتے ہیں، پاکستانی امریکیوں جیسی تارکین وطن کمیونٹیز کے مثبت کردار اور شراکت کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔
یومِ آزادی پاکستان کے پر مسرت موقع پر امریکی رہنماؤں کے تہنیتی پیغامات مضبوط و مستحکم اور تزویراتی پاک امریکہ پارٹنرشپ کا واضح ثبوت ہیں۔




















