Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران نے خطے میں مشترکہ سیکیورٹی سے متعلق چین کی تجویز کی حمایت کردی

خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کے قیام کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے، ایرانی اسپیکر

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کے حوالے سے چین کی تجویز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کے قیام پر زور دینا اس اصول کے مطابق ہے جس کی ایران طویل عرصے سے حمایت کرتا آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کو اپنے مستقبل اور سیکیورٹی کے معاملات کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔ حقیقی اور دیرپا استحکام اسی وقت ممکن ہے جب خطے میں ایسا نیا سیکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے جو خود اسی خطے کے ممالک کی کوششوں سے وجود میں آئے۔

ایرانی اسپیکر کے مطابق تہران ہمیشہ سے علاقائی ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کریں اور باہمی تعاون کے ذریعے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات تشکیل دیں۔

ایرانی اسپیکر قالیباف نے مزید کہا کہ ایران خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کے قیام کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کے نئے ڈھانچے کے قیام کے لیے چار نکاتی حکمت عملی پیش کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام پر زور دیا تھا۔

متعلقہ خبریں