امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں دنیا کی سب سے کم شرح سود ہونی چاہیے کیونکہ امریکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
ایران کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، جبکہ ان کے بقول ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ان کے نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کریں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ مڈ ٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کریں گے جو مکمل طور پر ان کے لیے قابل قبول نہ ہو۔
یوکرین جنگ کے معاملے پر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیلنسکی کو روس میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا بند کرنا ہوگا۔
وینزویلا سے متعلق امریکی صدر نے کہا کہ امریکا وہاں سے بڑی مقدار میں تیل حاصل کر رہا ہے، جبکہ وینزویلا میں انتخابات اس وقت ہوں گے جب وہاں کے حالات سازگار ہوں گے۔
مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جو بھی مصنوعی ذہانت کے میدان میں سبقت حاصل کرے گا، وہی کامیاب ہوگا۔


















