Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کے ساحلی علاقوں میں متعدد دھماکے؛ بندر عباس اور قشم لرز اٹھے

‘دھماکوں کی وجوہات سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا’

ایرانی سرکاری خبر رساں اداروں نے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں بندر عباس اور جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق دھماکوں کی وجوہات سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ آوازیں آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں کو خبردار کرنے کے لیے کی جانے والی فائرنگ کی ہو سکتی ہیں۔

بندر عباس اور جزیرہ قشم کے شہریوں نے آن لائن چینل واحد کو براہ راست اطلاعات دیتے ہوئے کم از کم چار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ بعض رہائشیوں کے مطابق دھماکوں کے بعد شدید جھٹکے اور زمین میں لرزش بھی محسوس ہوئی۔

ایک شہری نے دعویٰ کیا کہ جزیرہ قشم کے علاقے نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب خبر رساں ایجنسی تسنیم نے سیرک شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق یہ آوازیں آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں کی جانب فائرنگ کے باعث پیدا ہوئیں۔

ایجنسی کا کہنا تھا کہ دیگر علاقوں میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں ایرانی فوجی دستوں کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version