Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کسی صورت افزودہ یورینیم بیرون ملک منتقل نہیں کرے گا، محسن رضائی

ایران نے قطر کے ذریعے امریکا کو جوہری تجویز بھی بھجوائی ہے

ایران کے سکیورٹی چیف محسن رضائی نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنا افزودہ یورینیم کسی صورت بیرون ملک منتقل نہیں کرے گا، جبکہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

لبنان کے ایران نواز ٹی وی چینل المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے محسن رضائی نے دھمکی دی کہ امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران دور دراز علاقوں میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تہران اور واشنگٹن کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر بھی ہدایت دے چکے ہیں کہ ملک میں موجود ہتھیاروں کی تیاری کے قریب سطح تک افزودہ یورینیم بیرون ملک نہ بھیجا جائے۔

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق جون 2025 میں امریکی اور اسرائیلی حملوں سے قبل ایران کے پاس 60 فیصد تک افزودہ 440.9 کلوگرام یورینیم موجود تھا، تاہم حملوں کے بعد اس ذخیرے کا کتنا حصہ محفوظ رہا، یہ واضح نہیں۔

دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی بھی ابتدائی مذاکرات میں جوہری پروگرام کا معاملہ شامل ہونا ضروری ہے۔ ایران نے قطر کے ذریعے امریکا کو جوہری تجویز بھی بھجوائی ہے، تاہم تہران نے اس پر بات چیت کے لیے اپنی سات شرائط پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں