بھارت کے رافیل لڑاکا طیاروں سے متعلق ایک نئی رپورٹ نے خطے کی فضائی جنگ کے دوران پاکستانی دعوؤں کو دوبارہ سچ ثابت کر دیا ہے۔ برطانوی ایوی ایشن جریدے فلائٹ انٹرنیشنل کی تازہ ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری 2027 کے مطابق بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے گھٹ کر 32 رہ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلائٹ انٹرنیشنل کی 2025 کی ڈائریکٹری میں بھارت کے پاس 36 رافیل طیارے موجود تھے، تاہم 2026 کی فہرست میں یہ تعداد 35 اور اب 2027 کی ڈائریکٹری میں مزید کم ہوکر 32 درج کی گئی ہے۔
ان اعداد و شمار کو گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپوں کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان نے معرکہ حق کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 8 طیارے تباہ کیے، جن میں 4 رافیل لڑاکا طیارے بھی شامل تھے۔
اس سے قبل برطانوی دفاعی جریدے کی ایرو (Key.Aero) کی ایک تحقیقی رپورٹ میں بھی مئی 2025 کی 52 منٹ طویل فضائی لڑائی کے دوران 4 بھارتی رافیل طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز BS001، BS021، BS022 اور BS027 بتائے گئے تھے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ بھارت ان طیاروں کے سیریل نمبرز کے ساتھ ایسی واضح تصاویر پیش نہیں کرسکا جو ان کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دے سکیں۔
تاہم فلائٹ انٹرنیشنل کی ڈائریکٹری میں رافیل طیاروں کی تعداد میں کمی کی وجہ واضح نہیں کی گئی، اس لیے صرف ان اعداد و شمار کو طیاروں کی تباہی کی براہ راست تصدیق قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کے باوجود نئی فہرست نے بھارتی فضائی بیڑے میں رافیل طیاروں کی تعداد سے متعلق سوالات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔
