انڈونیشیا میں کینڈی بنانے والی فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 7 لاشوں کے تھیلے برآمد کرلیے گئے جبکہ تقریباً 50 مزدور تاحال لاپتا ہیں، امدادی ٹیموں نے عمارت کے ملبے میں تلاش کا کام شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی جاوا کے علاقے سیرانگ کے شہر چیکانڈے میں واقع کینڈی فیکٹری میں ہفتے کی شام آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے ایک روز بعد بھی فائر فائٹرز مختلف حصوں میں موجود شعلوں پر قابو پانے میں مصروف تھے۔
پولیس حکام کے مطابق اب تک 7 لاشوں کے تھیلے ملے ہیں، تاہم آگ کی شدید تپش کے باعث متاثرین کی شناخت چہروں سے ممکن نہیں رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض تھیلوں میں ایک سے زیادہ افراد کے اعضا بھی ہوسکتے ہیں، اس لیے لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
حکام لاپتا کارکنوں کے اہلِ خانہ سے ڈی این اے نمونے حاصل کرنے کے ساتھ ان کے ذاتی استعمال کی اشیا بھی جمع کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق شناخت کا عمل مکمل ہونے میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں۔
فیکٹری مالک نے بتایا کہ واقعے کے روز تقریباً 300 افراد ڈیوٹی پر موجود تھے، جبکہ 50 افراد ایسے ہیں جن کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں ہیں۔
امدادی کارکن تباہ شدہ عمارت کے ان حصوں میں تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں مزدوروں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، تاہم عمارت کے بعض حصوں کے منہدم ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
حکام کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
