Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر؛ وزیرپیٹرولیم نے خوشخبری سنا دی

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر سنادی ہے۔

  تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سیاست میں رواداری کو دوبارہ واپس آنا چاہیے ،سیاست میں اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ حکومت نہیں لینی چاہیے جب حکومت میں آئے تو نوازشریف چاہتے تھے فوری الیکشن میں جائیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ حکومت میں آئے تو معاشی حالات اندازے سے زیادہ خراب تھے، مہنگائی کو ہر صورت کنٹرول کرنا ہوگا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ مصطفیٰ نواز نے پیپلز پارٹی سے علیحدگی کے باوجود پارٹی پرتنقید نہیں کی، وزارت پارٹی کی امانت ہے جب کہا جائے گا چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 2کروڑ موٹرسائیکل اور 37لاکھ گاڑیاں ہیں کوشش کر رہے ہیں کہ غریب طبقے کو ریلیف دیں، پاکستان نے روس سے رعایتی تیل کا پہلا آرڈر جاری کر دیا ہے، پاکستان کو صرف روسی خام تیل ملے گا، ریفائنڈ تیل نہیں ملے گا۔

مصدق ملک نے کہا کہ روس کی جانب سے رعایتی تیل کا پہلا کارگو مئی میں پاکستان پہنچے گا لیکن روسی تیل خریدنے کیلئے ڈسکاؤنٹ ریٹ ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ روس سے حاصل خام تیل پاکستان ریفائنری لمیٹڈ میں ریفائن ہو گا، پاکستان کا یومیہ ایک لاکھ بیرل روسی تیل درآمد کرنے کا منصوبہ ہے۔

  دوسری جانب حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو پیٹرول سبسڈی ختم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود سمری پیش کر دی ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں اور چھوٹی کاروں کے مالکان کو ریلیف دینے کیلئے امیر طبقے سے 75 روپے فی لیٹر اضافی وصول کر کے پیکیج متعارف کرانے کی سمری پیش کر دی ہے۔

 پیٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی منظوری کیلئے سمری بھیج دی ہے۔

واضح رہے کہ فروری میں وزیر اعظم نے موٹرسائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کے کار مالکان کو ریلیف دینے کیلئے 800 سی سی سے اوپر کی گاڑیاں رکھنے والے امیر طبقے سے 50 روپے فی لٹر زیادہ وصول کر کے پیٹرول پر سبسڈی دینے کی منظوری دی تھی۔