فلم ٹائی ٹینک میں اہم کردار ادا کرنے والے لیجنڈری اداکار لیو پیلٹر انتقال کر گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 1912 میں بحر اوقیانوس میں غرق ہونے والے بحری جہاز ٹائی ٹینک کی کہانی پر 1997ءمیں کینیڈین فلم ساز جیمز کیمرون نے ایک فلم بنائی تھی۔
اس فلم میں ایک اہم کردار نبھانے والے اداکار لیو پیلٹر گزشتہ روز 94 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔

لیوپیلٹر گردوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔ ان کا انتقال امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں واقع ان کے گھر میں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق لیو پیلٹر نے ٹائی ٹینک میں سوار کاروباری شخص ’ایسڈور سٹراس‘ کا کردار نبھایا تھا، جو اپنی اہلیہ ایڈا سٹراس کے ہمراہ ٹائی ٹینک پر سوار تھے۔
اگر آپ نے ٹائی ٹینک فلم دیکھ رکھی ہے تو آپ کو یہ سین بخوبی یاد ہو گا کہ جب جہاز ڈوب رہا ہوتا ہے تو ایک عمر رسیدہ جوڑا ایک دوسرے سے لپٹ کر بستر پر لیٹ جاتا ہے اور خود کو لہروں کے سپرد کر دیتا ہے۔ یہ میاں بیوی ایسڈور سٹراس اور ایڈا سٹراس تھے، جو نیویارک کے ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔




















