یورپی ملک سلووینیا نے اسپین، آئرلینڈ اور ناروے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سلووینیا کے وزیراعظم روبرٹ گولوب نے لوبیانا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلووینیا کی حکومت نے آج فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارلیمنٹ کی اسپیکر اُرسکا کلاکوکار زوپانچ نے لوبیانا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلووینیا کے اراکین پارلیمنٹ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے منگل کو ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔
اس سے قبل اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے بھی فلسطینی ریاست کو باضاطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر اسرائیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے تینوں ممالک سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر رفح کے علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا، اس وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں خیموں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 45 افراد شہید ہوگئے۔
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 36 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔




















