Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عفان وحید کا عمر بڑھنے پر اداکاروں کو بوڑھا کہنے والے افراد کو کرارا جواب

پاکستان کے معروف اداکار عفان وحید نے عمر بڑھنے پر اداکاروں کو بوڑھا کہنے والے افراد کو کرارا جواب دیا ہے۔

حال ہی میں پاکستان کے معروف اداکار عفان وحید نے ساتھی اداکارہ آمنہ الیاس کے ہمراہ ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکار نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں، اس لیے وہ اکثر کمنٹس سیکشن کو بند کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی ٹرولنگ سے متعلق کمنٹس پڑھ کر ڈپریشن میں چلے جاتے ہیں، اس لیے وہ سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ نہیں دیتے۔

عفان وحید نے کہا کہ اگر کوئی اداکار یا اداکارہ مچوئر ہوتا ہے، ان کی عمر بڑھتی ہے تو انہیں بوڑھے ہونے کے طعنے دیے جاتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ اسی طرح جب کوئی اداکارہ چہرے پر کوئی کام کروائے، خوبصورتی پڑھائے تو اسے طعنے دیے جاتے ہیں کہ وہ اپنی جلد سے خوش نہیں، اس نے پلاسٹک سرجری کرالی۔

عفان وحید نے کہا کہ اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی جاتی ہے اور حدود میں رہتے ہوئے ہر چیز کی جاتی ہے لیکن معاشرے میں اب کوئی حدود ہی نہیں رہیں۔

اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ وہ اکثر اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر یہ کہتی ہیں کہ شکر کریں کہ لیڈی ڈیانا چل بسیں، ورنہ دنیا والے انہیں بھی بوڑھے ہونے اور خوبصورت نہ رہنے کے طعنے دیتے۔