Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد اور راولپنڈی میں کاروبار کی بندش؛ ایف پی سی سی آئی کے تاجر پھٹ پڑے

 اسلام آباد، راولپنڈی اور اطراف کے شہروں میں کاروبار کی بندش پر ایف پی سی سی آئی کے تاجر پھٹ پڑے۔

سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ حکومت امن و امان اور کاروبار کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پی کے کنٹرول سمیت جو بھی اقدام کرے گی بزنس کمیونٹی اس کی حمایت  کرے گی، سڑکوں کی روازنہ کی بندش سے ملک بھر میں کاروبار کا اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت امن و امان کی بحالی کے لیے کے پی میں گورنر راج لگائے، امن و امان کی صورتحال خراب ہونے سے خام مال کی ترسیل اور کارخانے بند پڑے ہیں۔

زبیر طفیل نے کہا کہ زرائع آمد و رفت بند ہونے سے ایکسپورٹ اور امپورٹ کا کام بند ہے، آخر کب تک ایسے احتجاج جاری رہیں گے؟

سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی مرزا اختیار بیگ کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی غیر ملکی سربراہ کی پاکستان آمد ہوتی ہے ایسے احتجاج شروع ہوجاتے ییں، وفاق گورنر راج لگا کر صورت حال کو قابو کرے۔

ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے جو بھی اقدام کرے ایف پی سی سی آئی اس کی حمایت کرتی ہے۔