Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں

ملاقات میں خطے کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں جس دوران خطے کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جب کہ پہلی ملاقات انہوں نے فیلڈ مارشل سے کی۔

فیلڈ مارشل سے ملاقات میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے جب کہ ایرانی وفد میں معاون وزیرِ خارجہ غریب آبادی اور ترجمان اسماعیل بقائی شامل تھے۔

بعد ازاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔

اس ملاقات میں خطے کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ خطے میں قیام امن کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جمعہ کو اسلام آباد پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔

اس اہم دورے کے حوالے سے جہاں ایک طرف عالمی میڈیا میں پاک سرزمین پر ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست ملاقات کی خبریں گرم ہیں، وہیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے فی الحال ایسی کسی بھی میٹنگ کے منصوبے کی تردید کی ہے۔

متعلقہ خبریں