وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نئی آٹو پالیسی کے تحت مقامی تیار کردہ پٹرول گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی تیاری کرلی گئی ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کے نتیجے میں مختلف انجن کپیسٹی کی گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہوسکیں گی۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی میں گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عمل درآمد کے لیے مقامی سطح پر تیار ہونے والی پٹرول گاڑیوں پر ٹیکسوں میں کمی کی تجاویز مرتب کی گئی ہیں۔ مجوزہ اقدامات سے چھوٹی گاڑیوں سے لے کر اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکلز (ایس یو وی) اور جیپس تک کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 658 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پٹرول گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 75 ہزار روپے کمی کی تجویز ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 32 لاکھ 20 ہزار روپے سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے ہوجائے گی۔
اسی طرح 998 سی سی تک کی پٹرول گاڑی کی قیمت میں 4 لاکھ 40 ہزار روپے کمی ہوگی، جس کے نتیجے میں اس کی قیمت 42 لاکھ 70 ہزار روپے سے کم ہوکر 38 لاکھ 30 ہزار روپے رہ جائے گی۔
دستاویز کے مطابق 1496 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پٹرول ایس یو وی کی قیمت میں سب سے زیادہ 7 لاکھ 40 ہزار روپے کمی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد اس گاڑی کی قیمت 60 لاکھ 60 ہزار روپے سے کم ہوکر 53 لاکھ 20 ہزار روپے ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ 1498 سی سی تک کی پٹرول ایس یو وی کی قیمت بھی 2 لاکھ 80 ہزار روپے کم کرنے کی تجویز ہے۔ اس کمی کے بعد مذکورہ گاڑی کی قیمت 94 لاکھ 40 ہزار روپے سے گھٹ کر 91 لاکھ 60 ہزار روپے ہوجائے گی۔
دستاویز میں 1598 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پٹرول جیپ کی قیمت میں بھی کمی کی تجویز شامل ہے، جس کے تحت اس کی قیمت ایک کروڑ 21 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی۔
مجوزہ آٹو پالیسی کے تحت ٹیکسوں میں کمی کا مقصد مقامی تیار کردہ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی، گاڑیوں کی خریداری کو عام صارفین کی پہنچ میں لانا اور آٹو انڈسٹری کو فروغ دینا ہے۔ تاہم ان مجوزہ قیمتوں اور ٹیکسوں میں کمی کے عملی نفاذ کا انحصار پالیسی کی حتمی منظوری اور متعلقہ فیصلوں پر ہوگا۔




















