Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا اور ایران تنازع کے سفارتی حل کے لیے پاکستان اور مصر پھر متحرک ہو گئے

گفتگو کے دوران استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا

پاکستان اور مصر نے امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر دوبارہ عمل درآمد شروع کرنے اور خطے میں کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن و استحکام کی بحالی کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر قریبی رابطہ اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مصری وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو جلد مصر کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی، جبکہ مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

گفتگو کے دوران استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور مصر کی جانب سے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور اور سعودی عرب کے ساتھ مسلسل رابطوں کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی کوششوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں