محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں نئے اسلحہ لائسنس اور نئے آرمز ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کردی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی اور اس دوران کوئی بھی لائسنسنگ اتھارٹی نیا اسلحہ لائسنس جاری نہیں کرسکے گی۔
ترجمان کے مطابق نئے آرمز ڈیلرشپ لائسنس بھی جاری نہیں کیے جائیں گے، جبکہ تمام متعلقہ لائسنسنگ حکام کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق غیر معمولی اور خصوصی نوعیت کے کیسز میں ہی نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت دی جاسکے گی، تاہم ایسے ہر کیس میں مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔
ترجمان کے مطابق خصوصی کیسز میں قواعد و ضوابط کے تحت وزیر داخلہ سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری بھی درکار ہوگی۔
حکام کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ نئے اسلحہ لائسنس اور آرمز ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔















