اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے اپنے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زی) میں بھارتی بحریہ کے ایک جہاز کی انتہائی اشتعال انگیز اور ناقابل قبول کارروائی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی بحریہ کے جہاز نے پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکراؤ ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعہ بین الاقوامی قانون اور 1991 کے فوجی مشقوں، نقل و حرکت اور فوجی دستوں کی پیشگی اطلاع کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کی جانب سے بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیز کارروائی کو سختی سے مسترد کرنے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ نے بھارت پر بین الاقوامی قوانین اور دوطرفہ معاہدوں، بالخصوص سمندر میں ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے معاہدوں کی سختی سے پاسداری پر زور دیا اور کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ کو احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کو اشتعال انگیز اور خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والے اقدامات سے روکے، جنوبی ایشیا بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کے باعث مزید کشیدگی اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

















