Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرول بحران، حکومت نے سرکاری اخراجات کم کرنے کیلئے بڑے فیصلے کرلیے

نوٹیفکیشن میں سرکاری سطح پر کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے،

خطے کی موجودہ صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کے پیش نظر وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ کے لیے متعدد اہم اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں میں ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے علاوہ بجٹ میں بھی 5 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، تاہم اس پابندی کا اطلاق ترقیاتی منصوبوں پر نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے تحت آئندہ تین ماہ کے لیے ہر قسم کے غیر ملکی دوروں پر پابندی ہوگی۔ ناگزیر حالات میں وزراء اور سرکاری افسران کو غیر ملکی سفر کی صورت میں اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق دکانوں اور کاروباری مراکز کی بندش سے متعلق 19 جون کو جاری نوٹیفکیشن پر عمل درآمد بھی جاری رہے گا۔

وفاقی حکومت نے سرکاری سطح پر عشائیوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی ہے، تاہم غیر ملکی وفود یا شخصیات کے اعزاز میں عشائیہ دینے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں سرکاری سطح پر کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ سرکاری اجلاسوں کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت، سرکاری اخراجات میں کمی اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں