Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میر رضا کیس؛ جوڈیشل کمیشن کا سینئر پولیس افسران سے تحریری جواب لینے کا فیصلہ

تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن نے تفتیشی افسر شبیر لغاری کا بیان ریکارڈ کرلیا

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم کئے گئے جوڈیشل کمیشن نے سینئر پولیس افسران کو طلب کرنے کے بجائے تحریری جواب لینے کا فیصلہ کر لیا۔

جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن نے تفتیشی افسر شبیر لغاری کا بیان ریکارڈ کرلیا جبکہ میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد کا مؤقف بھی سنا گیا۔ احمد نے میر رضا کے اہل خانہ سے ملاقات اور گفتگو کے لیے مزید وقت طلب کیا۔

کمیشن نے قرار دیا کہ اہل خانہ سے گفتگو کے بعد اگر احمد مزید کچھ کہنا چاہیں تو وہ حلف نامے کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرسکتے ہیں۔ حلف نامے کی صورت میں جمع کرایا گیا بیان بھی عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔

حکم نامے کے مطابق تھانہ فیروز آباد اور گلستان جوہر کے روزنامچے سیل شدہ حالت میں کمیشن کو موصول ہوئے تاہم روزنامچوں سے متعلق گواہان کے بیانات پہلے ہی ریکارڈ کیے جاچکے تھے۔ کمیشن نے روزنامچے اسی حالت میں سندھ حکومت کے فوکل پرسن کو واپس کردیئے۔

جوڈیشل کمیشن نے نجی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈویژن سربراہ کو کمیشن کی درخواست پر تعاون کرنے پر سراہا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ایڈیشنل آئی جی آزاد خان سینیئر اور قابل احترام افسران ہیں۔ کمیشن دونوں سینیئر پولیس افسران سے بعض سوالات کرنا چاہتا ہے تاہم ان کے عہدے اور وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کمیشن میں طلب کرنے کے بجائے تحریری سوالات ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وکیل تجمل لودھی کمیشن کے سوالات دونوں افسران تک پہنچائیں گے اور ان کے سیل شدہ جوابات کمیشن تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی ادا کریں گے۔ حکم نامے میں فوکل پرسن اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو وکیل تجمل لودھی کی فیس کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیشن نے ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کو آئندہ جمعرات تک اپنے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن کو اپنی کارروائی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے وقت کی کمی کا سامنا ہے۔ میر رضا کے اہل خانہ 21 ستمبر تک دونوں افسران سے متعلق اپنے سوالات کمیشن کو فراہم کرسکتے ہیں جنہیں پولیس افسران کو بھی بھجوایا جائے گا۔

کمیشن نے قرار دیا کہ سینیئر پولیس افسران کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات بھی عوام کے لیے دستیاب کرانے کو یقینی بنایا جائے گا۔

تحریری حکم نامے میں مزید بتایا گیا کہ آئندہ اجلاس کے لیے ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ پرویز احمد شیخ، علی شاز، کاظم، احمد حسن شیخ اور ڈاکٹر اسامہ کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں جبکہ میر رضا کیس کی مزید کارروائی 21 ستمبر کو ہوگی۔

متعلقہ خبریں