نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ مسلم امہ کے اجتماعی شعور میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کی روزانہ خلاف ورزی کر رہا ہے۔
او آئی سی کی فلسطین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ 6 رکنی کمیٹی پر فلسطینی عوام کے لیے سیاسی و سفارتی حمایت متحرک کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور غزہ کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی غزہ تنازع کے خاتمے کیلئے کوششوں کو سراہتے ہیں، پاکستان مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلی آباد کاروں کی دراندازیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، مسجد اقصیٰ اور یروشلم کے تمام اسلامی و مسیحی مقدس مقامات کی قانونی حیثیت بحال رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ امن منصوبے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مکمل نفاذ کے حامی ہیں، غزہ کی تعمیر نو اور حکومتی انتظامات فلسطینی قیادت کے پاس ہونے چاہئیں۔















