Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خاتون نے وکالت چھوڑ کر کتوں کو گھمانے کا کام شروع کردیا، آمدنی میں بے پناہ اضافہ

زندگی مختصر ہے، اس لیے جس ملازمت میں خوشی نہ ملے اسے تبدیل کرنے سے خوفزدہ نہ ہوں، برطانوی خاتون

برطانیہ کی 30 سالہ خاتون نے وکالت کے شعبے میں ملازمت چھوڑ کر کتوں کو گھمانے کا کام شروع کردیا جس سے وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ آمدنی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں۔

خاتون کے مطابق اب وہ کم وقت کام کرتی ہیں، ذہنی دباؤ بھی کم ہے اور روزانہ تقریباً 300 سے 400 پاؤنڈ تک کمالیتی ہیں۔

لیز ایسٹ نے چار سال تک فوجداری مقدمات سے متعلق قانونی شعبے میں معاون کے طور پر کام کیا، بعد ازاں مشاورتی شعبے سے بھی وابستہ رہیں۔

ان کی سابقہ ملازمت میں دفتری امور کے ساتھ عدالتوں میں پیشی، جیلوں کے دورے اور مقدمات سے متعلق افراد سے ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔

لیز کے مطابق ان کی ملازمت انتہائی تھکا دینے والی تھی اور کئی مرتبہ کام کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کرجاتا تھا جب کہ لندن آمد و رفت میں مزید تقریباً دو گھنٹے لگتے تھے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہونے لگا تھا کہ وہ اپنی عمر سے زیادہ بڑی ہوگئی ہیں اور روزانہ یہ سوال ذہن میں آتا تھا کہ کیا یہی ان کی زندگی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹ ماحول میں کام کے بعد سماجی تقریبات میں شرکت کی توقع بھی کی جاتی تھی جس کے باعث بعض اوقات گھر پہنچنے کا وقت رات 9 یا 10 بجے تک ہوجاتا تھا۔

لیز کے مطابق ان کے شوہر کتوں کو گھمانے اور ان کی دیکھ بھال کا کام کرتے ہیں اور وہ اپنے پیشے سے بہت خوش ہیں۔ شوہر کو کام سے لطف اندوز ہوتا دیکھ کر انہوں نے بھی اپنے پیشہ ورانہ مستقبل پر دوبارہ غور کیا۔

بعد ازاں لیز نے ملازمت چھوڑ دی، ایک گاڑی خریدی اور ابتدا میں مقامی شراب خانے میں کام کرتے ہوئے کتوں کو گھمانے کا اپنا کاروبار قائم کرنا شروع کیا۔

اب وہ عام طور پر روزانہ 20 سے 30 کتوں کو تقریباً چار مختلف چکروں میں گھماتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ فی کتے فی گھنٹہ تقریباً 15 پاؤنڈ فیس وصول کرتی ہیں اور روزانہ آمدنی 300 سے 400 پاؤنڈ تک پہنچ جاتی ہے۔

لیز کا کہنا ہے کہ بعض لوگ ان کے فیصلے پر حیران ہوتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ انہوں نے قانون کی تعلیم اور کئی سال کی محنت ضائع کردی تاہم ان کے مطابق سابقہ تجربے سے حاصل ہونے والی مہارتیں آج بھی ان کے کام آتی ہیں۔

خاتون نے بتایا کہ بعض افراد یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اب ان کی آمدنی پہلے سے کم ہوگی لیکن ان کے بقول وہ سابقہ کارپوریٹ ملازمت کے مقابلے میں ہر ماہ ہزاروں پاؤنڈ زیادہ کمارہی ہیں اور تقریباً نصف وقت کام کرتی ہیں۔

لیز نے واضح کیا کہ کتوں کو گھمانے کے کام کو صرف زیادہ آمدنی کے حصول کا ذریعہ نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ پیشہ ان افراد کے لیے موزوں ہے جو باہر رہنا اور کتوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ زندگی مختصر ہے، اس لیے جس ملازمت میں خوشی نہ ملے اسے تبدیل کرنے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں