Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات کا تیسرا دور آج کراچی میں ہوگا

آئی ایم ایف کا وفد سندھ حکومت کے حکام سے ملاقات کرے گا جس میں صوبے کی مالی اور معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج کراچی میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد سندھ حکومت کے حکام سے ملاقات کرے گا جس میں صوبے کی مالی اور معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سندھ کی 30 جون 2026 تک کی معاشی کارکردگی، ٹیکس آمدن اور نان ٹیکس آمدن سے متعلق تفصیلات آئی ایم ایف حکام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے سندھ کے زرعی شعبے سے حاصل ہونے والی انکم ٹیکس آمدن پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

سندھ حکومت کے مطابق صوبے نے 30 جون 2026 تک وفاق کو 349 ارب روپے کا سرپلس دیا جبکہ 30 جون 2025 تک یہ سرپلس 283 ارب روپے تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ کی ٹیکس آمدن 30 جون 2026 تک 593 ارب روپے رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 507 ارب روپے تھی۔

ذرائع کے مطابق سندھ کی نان ٹیکس آمدن میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور 30 جون 2026 تک یہ 80 ارب روپے رہی جبکہ 30 جون 2025 تک نان ٹیکس آمدن 40 ارب روپے تھی۔

مذاکرات میں صوبے کی مالی کارکردگی، محصولات میں اضافے اور زرعی شعبے سے ٹیکس وصولیوں سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں