اسلام آباد: وزارت اطلاعات نے افغان وزارت دفاع کے اسپن بولدک کے قریب پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کے دعوے کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 24 اور 25 ستمبر کی شب گلستان سیکٹر میں افغان جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان وزارت دفاع نے افغان فورسز کو نقصان نہ ہونے اور پاکستانی مؤقف کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ 24 اور 25 ستمبر کی شب گلستان سیکٹر میں افغان جارحیت کی کوشش ناکام بنادی گئی جب کہ جوابی کارروائی میں مخالف طالبان چوکیوں پر شدید حملہ کیا گیا۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ جوابی کارروائی میں کم از کم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر میڈیا اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کررہی ہیں۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ شواہد افغان طالبان کے خلاف کی گئی جوابی کارروائی کی تصدیق کرتے ہیں جب کہ افغان وزارت دفاع کی جانب سے پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ من گھڑت ہے۔
وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ افغان وزارت دفاع کا جھوٹا دعویٰ حیران کن نہیں، یہ جھوٹ بولنے کے عادی ہیں۔















