Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات، تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور اے-کے۔ڈی-این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  عزت مآب پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی جس میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر  وزیراعظم شہباز شریف سے پرنس رحیم آغا خان پنجم نے ملاقات کی، جہاں وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور  رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورہ پاکستان میں ہوئی ملاقات کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔

 شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا اور معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس کی قابلِ قدر روایت کو اجاگر کیا۔

 شہباز شریف نے اے-کے۔ڈی-این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت سے معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔

مزید براں، وزیراعظم نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کیا اور ایسی صورتحال میں، جب پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے، علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور اے-کے۔ڈی-این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں، بالخصوص صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت دی تاکہ کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط اور گہرا کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں