پشاور میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ سمیت اہم سرکاری عمارتیں خالی کرالی گئیں جب کہ پولیس لائنز میں داخلہ بند کردیا گیا۔
سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی تھریٹ کے باعث سول سیکرٹریٹ میں موجود تمام دفاتر خالی کرائے گئے اور ملازمین و افسران کو چھٹی دے دی گئی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ کی مسجد بھی بند کردی گئی جب کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے وہاں موجود افراد کو مسجد سے باہر جانے کی ہدایت کی گئی۔
حکام کے مطابق سول سیکرٹریٹ کو خالی کرانے کے احکامات سیکیورٹی تھریٹ کے باعث جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی الرٹ کے باعث ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، شامی روڈ پشاور کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔
اسی طرح ورسک روڈ پشاور پر واقع سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی عمارت کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔ مذکورہ عمارت میں محکمہ اطلاعات، لائیوسٹاک، صحت اور دیگر محکموں کا عملہ تعینات ہے۔
دوسری جانب پولیس لائنز پشاور میں بھی داخلہ بند کردیا گیا ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایم پی اے ہاسٹل کو بھی خالی کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔
مختلف اہم سرکاری عمارتوں کو خالی کرانے کے بعد صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔
















