پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں پاکستان کے علاوہ بنگلا دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین اور قطر کے کیڈٹس بھی شامل تھے جبکہ سری لنکا، تاجکستان اور یمن سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کی۔

تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔ 154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد جنید جبار کو اعزازی شمشیر عطا کی گئی جبکہ اسی کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر سید حسن عباس نے صدارتی طلائی تمغہ حاصل کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بنگلا دیشی کنٹری کمپنی سینئر انڈر آفیسر ریاض محمود خان کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل دیا گیا جبکہ کمپنی اسپورٹس سارجنٹ محمد عبداللہ نے مارکس مین میڈل حاصل کیا۔
اسی طرح 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی احمد مصطفیٰ کو چیف آف آرمی اسٹاف کین سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 73ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد حمزہ فیاض اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس جونیئر انڈر آفیسر مریم طارق کو کمانڈنٹ کینز عطا کیے گئے۔
جنرل عامر رضا کا خطاب
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا، کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو دنیا بھر نے دیکھا ہے۔
انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ ہمارے بہادر جوان وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں جبکہ افواج پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ دیانت داری، بہادری اور جرات کامیاب قیادت کے بنیادی اصول ہیں۔ کیڈٹس کو پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرنا چاہیے اور ملکی سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
جنرل سید عامر رضا نے خواتین کیڈٹس کی شرکت کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری اب ان کے کندھوں پر ہے۔
















