Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری بھارتی تسلط کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کے آج 79 سال مکمل ہو گئے

مظفرآباد: لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بسنے والے لاکھوں کشمیری آج بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم  سیاہ منارہے ہیں۔

  یہ وہ سیاہ دن ہے جب 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف اپنی فوجیں وادی میں اتار کر غیر قانونی قبضہ کیا تھا مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں جبر و استبداد ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کے آج 79 سال مکمل ہو گئے۔

 بھارتی فورسز نے 1947ء میں آج ہی کے دن جموں و کشمیر پر حملہ کرکے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر قبضہ کیا اور بے گناہ کشمیری شہید کیے گے بھارت آج بھی جارحانہ اور غاصبانہ طرز عمل پر کار بند ہے۔

 آزاد جموں و کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں آج بھارتی فوجی قبضے کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے ہوں گے، جبکہ دارالحکومت مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور حکومت آزاد کشمیر کے زیر اہتمام مرکزی تقریب اور احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

یومِ سیاہ پر آج شہر شہر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے، شہری بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر بھارتی تسلط کے خلاف نفرت کا اظہار کریں گے قومی بیانیہ واضح ہے کشمیری عوام نے 78 سال سے بھارتی فوجی حاکمیت کو مسترد کر رکھا ہے، حقِ خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج بھی بھارتی قابض افواج انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں، ماورائے عدالت قتل اور پیلٹ گن کے مظالم میں مصروف ہیں جبکہ کشمیری قیادت نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قبضے کے خاتمے، ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

 لندن، برمنگھم، بریڈفورڈ، مانچسٹر، نیویارک اور ٹورنٹو میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی بھارتی ہائی کمیشنز کے سامنے احتجاج کرے گی، عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے مسئلہ کشمیر پر اپنی مجرمانہ خاموشی توڑیں، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں