امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے دوران مختلف ریاستوں میں پاکستانی نژاد امریکی امیدوار بھی انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں جن میں کئی امیدوار ریاستی قانون ساز اسمبلیوں کی نشستوں پر دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔
دستیاب انتخابی فہرستوں کے مطابق مریم خان اور سعود انور ریاست کنیکٹیکٹ میں سینیٹ کی نشستوں کے لیے امیدوار ہیں۔
ریاست ٹیکساس میں سلمان بھوجانی اور سلیمان لالانی بالترتیب ڈسٹرکٹ 92 اور ڈسٹرکٹ 76 سے ریاستی ایوانِ نمائندگان کی نشستوں پر دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔
اسی طرح فاروق مغل ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی کی ایک نشست کے لیے انتخابی میدان میں ہیں جبکہ طارق خان ریاست پنسلوانیا میں امیدوار کی حیثیت سے مقابلے میں شریک ہیں۔
ریاست نیواڈا میں ہنادی ندیم اسمبلی کی نشست حاصل کرنے کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں جبکہ فلوریڈا میں امتیاز محمد ریپبلکن پارٹی کے امیدوار کے طور پر انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستانی نژاد امیدواروں کے علاوہ مختلف امریکی ریاستوں میں دیگر مسلم امریکی امیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وسط مدتی انتخابات میں وفاقی اور ریاستی سطح پر مختلف عہدوں کے لیے ووٹنگ ہوتی ہے۔ امریکی کانگریس وفاقی سطح پر ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ پر مشتمل ہے جبکہ ریاستی قانون ساز اسمبلیاں الگ انتخابی ادارے ہیں۔

















