امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرۂ عمان میں ایرانی بندرگاہ سے آنے والے ایک تجارتی کارگو جہاز کو کارروائی کے دوران نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق امریکی فوجی طیارے نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے پرچم بردار کارگو جہاز ایم وی ہُدا کو نشانہ بنایا۔ جہاز کے عملے نے متعدد انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایران کے خلاف عائد بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تھی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق جہاز ایک ایرانی بندرگاہ پر قیام کے بعد خطے کے پانیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایران کی بحری ناکہ بندی پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے بھی بحیرۂ عمان میں ایک تجارتی جہاز اور فوجی اہلکاروں کے درمیان پیش آنے والے واقعے کی اطلاع دی ہے۔
برطانوی ادارے کے مطابق واقعے میں جہاز کو ممکنہ طور پر پہنچنے والے نقصان، عملے کی صورتحال اور ماحولیاتی اثرات سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
تاہم ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ برطانوی ادارے کی جانب سے رپورٹ کیا گیا واقعہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے بیان کردہ واقعے ہی سے متعلق ہے یا نہیں۔
سینٹ کام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اب تک امریکی افواج 147 تجارتی جہازوں کو اپنا راستہ تبدیل کرنے کا حکم دے چکی ہیں جنہوں نے احکامات پر عمل کیا جبکہ مزید 5 جہازوں کو احکامات کی خلاف ورزی پر روک دیا گیا۔



















