بچوں کو صحت بخش غذا فراہم کرنے کی خواہش میں والدین اکثر ایسی اشیا بھی ان کی خوراک کا حصہ بنا دیتے ہیں جو بظاہر فائدہ مند دکھائی دیتی ہیں، تاہم حقیقت میں ان کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے پیک شدہ فروٹ جوس کو بھی ایسی ہی مصنوعات میں شامل کرتے ہوئے والدین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق بازار میں دستیاب پیک شدہ فروٹ جوس بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ والدین بچوں کو روزانہ فروٹ جوس اس خیال سے پلاتے ہیں کہ یہ غذائیت سے بھرپور ہے، لیکن متعدد پیک شدہ جوس میں قدرتی فائبر کی مقدار بہت کم جبکہ شکر اور دیگر اضافی اجزا کی مقدار زیادہ ہو سکتی ہے۔
بعض جوس میں ریفائنڈ شوگر، صنعتی نشاستہ، مصنوعی رنگ اور فلیور شامل کیے جاتے ہیں، جبکہ ان میں موجود فرکٹوز کی زیادہ مقدار جگر میں چربی جمع ہونے کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق میٹھے مشروبات کا مسلسل استعمال بچوں میں موٹاپے، انسولین ریزسٹنس اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات میں اضافے سے منسلک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کے میڈیکل ٹیسٹ کو دلچسپ بنانے کے لیے کینڈی پاپ سے مشابہ سینسر تیار
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بچوں میں فیٹی لیور کا مسئلہ بھی تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ اس بیماری میں جگر کے اندر چربی جمع ہونے لگتی ہے، جس کی ابتدائی مراحل میں اکثر کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
ماہرین کے مطابق فرکٹوز کی زیادہ مقدار جگر میں چربی بننے کے عمل کو بڑھا سکتی ہے، جس سے طویل عرصے میں جگر کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
غذائی ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جوس کے ڈبے پر ’’100 فیصد فروٹ جوس‘‘ لکھا ہونا بھی اسے پورے پھل کا متبادل نہیں بناتا۔
ان کے مطابق پورے پھل میں موجود فائبر شکر کے جذب ہونے کی رفتار کو سست کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ جوس بنانے کے عمل میں فائبر کی مقدار کم ہو سکتی ہے۔
ماہرین نے کریم بسکٹ کے استعمال سے بھی خبردار کیا ہے۔ ان کے مطابق ان میں ریفائنڈ شوگر، کاربوہائیڈریٹس اور دیگر اضافی اجزا کی مقدار زیادہ ہو سکتی ہے، جو بچوں کی مجموعی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ تصور درست نہیں کہ بچپن میں کھائی جانے والی ہر غذا جسم آسانی سے برداشت کر لیتا ہے۔ ابتدائی عمر میں غیر متوازن خوراک مستقبل میں موٹاپے اور دیگر طبی مسائل کے خطرات بڑھا سکتی ہے۔
ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بچوں کی متوازن نشوونما کے لیے ان کی خوراک میں تازہ پھل، سبزیاں، دالیں، پروٹین سے بھرپور غذائیں، دودھ اور پانی کو ترجیح دی جائے۔
ان کے مطابق پیک شدہ جوس اور دیگر میٹھے مشروبات کا استعمال محدود رکھنا چاہیے، جبکہ پیاس بجھانے کے لیے سادہ پانی کو ترجیح دینی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین کو صرف مصنوعات کی پیکنگ پر درج صحت بخش دعوؤں پر انحصار کرنے کے بجائے ان میں موجود اجزا اور غذائی معلومات کا بھی جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ صحت کے نام پر بچوں کو دی جانے والی بعض غذائیں بھی ان کی صحت کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔




















