مچھروں کی افزائش اور ان کے کاٹنے سے پریشان افراد کے لیے ماہرین نے چند ایسے گھریلو طریقے تجویز کیے ہیں جن کی مدد سے مچھروں کی سرگرمیوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ان طریقوں میں باورچی خانے میں موجود اشیا، قدرتی تیل اور باغ میں اگنے والے مخصوص پودے شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق مچھروں سے بچاؤ کے لیے کیڑے مار اسپرے کا استعمال کرنے سے قبل پہلے بعض گھریلو تدابیر بھی اختیار کی جاسکتی ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ مختلف اسپرے صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
یہاں پر مچھروں سے بچاؤ کے چند آسان اور آزمودہ گھریلو طریقے پیش کیے جارہیں جو اس ضمن میں مفید ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مچھر مرد حضرات پر زیادہ حملہ آور ہوتے ہیں یا خواتین پر، تحقیق میں اہم انکشاف
سٹرونیلا اور لیموں کے تیل کا استعمال
سٹرونیلا اور لیموں کے تیل کو مچھر بھگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کی مخصوص خوشبو مچھروں کو دور رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان تیلوں کو ڈفیوزر میں استعمال کیا جا سکتا ہے یا مناسب کیریئر آئل کے ساتھ ملا کر جلد پر لگایا جا سکتا ہے۔ تاہم جلد پر استعمال سے پہلے حساسیت کا ٹیسٹ ضروری ہے اور مصنوعات کی ہدایات کے مطابق دوبارہ استعمال کرنا چاہیے۔
نیم کا تیل
نیم کا تیل بھی مچھروں سے بچاؤ کے روایتی گھریلو طریقوں میں شامل ہے۔ اس کی مخصوص بو مچھروں کو دور رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیم کے تیل کو ناریل کے تیل کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم اسے براہ راست جلد پر لگانے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ بعض افراد میں جلن یا الرجی پیدا ہو سکتی ہے۔
لہسن کا اسپرے
لہسن کو بھی مچھر بھگانے کے روایتی گھریلو طریقوں میں شامل کیا جاتا ہے۔
اس طریقے میں لہسن کے چند جوے پیس کر ان کا رس پانی میں ملایا جاتا ہے اور اس محلول کو کھڑکیوں اور دروازوں کے اطراف چھڑکنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لہسن میں موجود سلفر مرکبات کی مخصوص بو مچھروں کو ناپسند ہوتی ہے۔ تاہم اس طریقے کی افادیت کے شواہد محدود ہیں اور اسے جلد پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
پودینے کا تیل
پودینے کے تیل کی تیز خوشبو کو بھی مچھر بھگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تیل کے چند قطرے ڈفیوزر میں استعمال کیے جا سکتے ہیں، تاہم جلد پر لگانے سے پہلے انہیں مناسب طریقے سے پتلا کرنا ضروری ہے۔
مچھر بھگانے والے پودے
گھر کے باغ، بالکونی اور کھڑکیوں کے قریب بعض خوشبودار پودے لگانا بھی ایک مفید گھریلو تدبیر ہو سکتی ہے۔
ان پودوں میں گیندے کے پھول، تلسی، لیمن گراس اور روزمیری شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان پودوں کی مخصوص خوشبو مچھروں کو دور رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ تاہم صرف گملوں میں یہ پودے لگانے سے مچھروں سے مکمل تحفظ حاصل نہیں ہوتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی یا گھریلو طریقوں کو مکمل تحفظ کا ذریعہ نہیں سمجھنا چاہیے، خصوصاً ڈینگی اور ملیریا کے خطرے والے علاقوں میں مچھروں سے بچاؤ کے مستند طریقے اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔




















