وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صحافت کی آزادی کے لیے پیپلزپارٹی کا کردار سب سے اہم رہا ہے، شہید بینظیر بھٹو نے صحافیوں کی آزادی کے لیے سب سے زیادہ آواز اٹھائی جبکہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی نے کبھی آزادی صحافت پر قدغن نہیں لگائی۔
کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا جتنا میڈیا ٹرائل کیا گیا، اتنا کسی دوسری سیاسی جماعت کا نہیں ہوا، صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی سب سے زیادہ میڈیا ٹرائل کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے کبھی کسی ادارے کے خلاف بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کے باوجود حکومت کے اقدامات کو عالمی رہنماؤں نے سراہا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے صحافیوں کے تمام واجبات بھی ادا کیے جاچکے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرتی ہے۔ غلط اور بے بنیاد خبر پر شکایت کرنا ہمارا حق ہے، اس کا آزادی صحافت پر قدغن لگانے سے کوئی تعلق نہیں۔
میر رضا کیس سے متعلق انہوں نے کہا کہ دو سیاسی جماعتوں نے کیس کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا گیا، جس سے لوگ غلط باتوں کو سچ سمجھنے لگے۔ گیسٹ ہاؤس کو ان سے منسوب کرنے پر انہوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رجوع کیا، جس کے بعد متعلقہ افراد نے سوشل میڈیا پوسٹس ڈیلیٹ کردیں۔

















