ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین اور ناقابلِ سمجھوتہ ترجیح ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سعودی اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت اجتماعی دفاعی وعدوں پر عمل عملدرآمد کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، عملی دفاعی اقدامات میں افواج اور عسکری صلاحیتوں کی فوری تعیناتی، تیاری کی سطح میں اضافہ اور عسکری انضمام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دفاعی تعاون کے تحت انٹیلی جنس شیئرنگ اور صرف دفاعی نوعیت کی کارروائیوں میں رابطہ کاری کی جائے گی، موجودہ حالات میں پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستوں کی بنیادی ذمہ داریوں میں دفاعی معاونت، تربیت، مشقیں اور عسکری مشقیں شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان دفاعی مقاصد کے لیے درکار فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کرتا رہے گا، عسکری اتحاد فوجی دستوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات ظاہر نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں اور شہری و اقتصادی تنصیبات پر حملے قابل مذمت ہیں، سعودی عرب پر حملے اس کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے براہ راست خطرہ ہیں، سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین اور ناقابلِ سمجھوتہ ترجیح ہے، تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی کم کریں اور سفارتی حل کی جانب بڑھیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خطے میں مزید کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کی 26 اکتوبر کو تہران میں ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کے لیے فریم ورک تشکیل دینا تھا۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ملاقات تنازعات کے پرامن حل کے عزم کا اظہار ہے، چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے تعاون اور مکالمہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا، پاک سعودی مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا مقصد باہمی دفاعی تعاون اور ایک دوسرے کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سہ فریقی دفاعی تعاون کا فریم ورک ہے، مکہ اتحاد کے تحت اجتماعی دفاع، مشترکہ تیاری اور دفاعی رابطہ کاری کے طریقہ کار وضع کیے گئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے اور مکہ اتحاد خالصتاً دفاعی نوعیت کے ہیں، کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، تینوں ممالک کا مقصد اجتماعی دفاعی صلاحیت، عسکری انضمام اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
















