اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حملے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران و جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔
شہباز شریف نے شہداء کے اہلِ خانہ سے بھی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
انکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ لائقِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔
’دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے‘
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر آصف زرداری نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت، ہمدردی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قابلِ قدر خدمات اور قربانیاں دے رہے ہیں۔
صدرِ مملکت نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ امن، استحکام اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔


















