Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دھکا دینے پر روبوٹ نے گاہک کی لاتوں گھونسوں سے تواضع کردی، ویڈیو وائرل

روسی الیکٹرانکس اسٹور میں روبوٹ اور گاہک آمنے سامنے آگئے

روس کے ایک الیکٹرانکس اسٹور میں انسان نما روبوٹ اور ایک گاہک کے درمیان پیش آنے والے دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید شرٹ پہنے ایک شخص اسٹور میں موجود ہیومینائیڈ روبوٹ کے قریب جاتا ہے اور اسے دھکا دیتا ہے۔ دھکا لگنے کے چند لمحوں بعد روبوٹ اچانک اپنی ٹانگ اس شخص کی جانب اٹھاتا ہے جس سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس نے گاہک کو لات مارنے کی کوشش کی ہو۔

ویڈیو شیئر کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے مطابق واقعے کے بعد روبوٹ کی حرکات کو کنٹرول کرنے میں مشکلات پیش آئیں جس کے باعث اسے بند کردیا گیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے مصنوعی ذہانت ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہے لیکن شاید ہم ہی اس کے صبر کو آزما رہے تھے۔

تاہم ویڈیو کے ساتھ کیے گئے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، یہ بھی واضح نہیں کہ روبوٹ کی جانب سے ٹانگ اٹھانا گاہک کے دھکے کا خودکار ردعمل تھا یا اس حرکت کی کوئی اور وجہ تھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version