بینک صارفین کے لئے انتہائی بُری خبر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے ٹیکس کمیشن نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بینکنگ ٹرانزیکشنز اور رقم نکلوانے پر ’وِد ہولڈنگ ٹیکس‘ دوبارہ لاگو کرنے کی تجویز دے دی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر بھی سنجیدگی سے غور کر رہا تھا کہ بینکنگ ٹرانزیکشنز، بینکنگ انسٹرومنٹس اور بینک سے رقم نکلوانے پر 0.6 فیصد ٹیکس دوبارہ لاگو کرنے کی تجویز دے دی جائے۔ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو اس کا نفاذ آئندہ ماہ جولائی سے ہو گا۔
ریفارم اینڈ ریونیو موبلائزیشن کمیشن کی طرف سے ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے ساتھ ساتھ ملک سے ہارڈ ڈالرزکیش کے خاتمے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
کمیشن کی طرف سے تجویز دی گئی ہے کہ حکومت کو جانچ کرنی چاہیے کہ رقم کی گردش کو کیسے کم کیا جا سکتا ہے یا کم از کم ہارڈ ڈالر کیش کو ملک سے کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔
آر آر ایم سی کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹس پر بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو ڈالرز میں کیش دینے کے علاوہ غیرملکی کرنسی کی تمام ٹرانزیکشنز بینکاری نظام کے ذریعے ہونی چاہئیں۔
واضح رہے کہ مالی سال 2023-24 کا وفاقی بجٹ اگلے ماہ جون میں پیش کیا جانا ہے۔
