Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آن لائن لون ایپس سے کروڑوں روپے کے کالے دھن کا انکشاف

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) راولپنڈی کی دستاویزات میں قرضہ ایپس سے کروڑوں روپے کے کالے دھن کے انکشافات ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری کی گئی دستاویز میں بتایا ہے کہ لون کمپنیاں کسی قدغن کے بغیر دن میں کروڑوں روپے جاری کرتی ہیں، چند ایپس کے علاوہ درجنوں کمپنیاں بغیر کسی پابندی، قوانین کے کام کررہی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ایف بی آر، ایس سی سی پی کو کمپنیوں کے مالی معاملات پر نظر رکھنی چاہیے۔ قرضہ ایپس کیلئے ایس ایس سی پی کی دسمبر 2022 میں ہدایات بھی ہوا ہو گئیں۔

دستاویزات میں مزید کہا گیا کہ ہدایات کے مطابق کمپنی مقروض کے فون، تصاویر اور ڈیٹا تک رسائی نہیں کرے گی۔ قرض میں تاخیر میں صرف ضمانتی افراد سے ہی رابطہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی ہدایت پر ڈائریکٹر عبد الروف کی سربراہی میں کارروائیاں جاری ہیں۔

اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں آن لائن لون ایپس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی تھی جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے سائبرکرائم ونگ سے پیشرفت رپورٹ طلب کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں؛ آن لائن ایپ سے قرض لینے والے 2 بچوں کے بیروزگار باپ نے خودکشی کرلی

خیال رہے کہ راولپنڈی کے رہائشی 42 سالہ محمد مسعود نے بچوں کی فیس اور مکان کا کرایہ ادا کرنے کے لیے 13 ہزار روپے کا قرض لیا تھا جسے وہ سود سمیت ادا نہیں کرسکے اور قرضہ چکانے کے لیے ایک آن لائن ایپ سے مزید قرضہ لے لیا۔

بعد ازاں کچھ وقت میں قرضے کی رقم سود سمیت 7 لاکھ روپے ہوگئی اور پھر قرضہ دینے والوں نے اپنے پیسوں کا مطالبہ شروع کردیا، یہاں تک کہ انہیں دھمکیاں ملنے لگی جس سے تنگ آکر دو بچوں کے باپ نے خود کشی کرلی۔

Exit mobile version