مہنگائی سے ستائی عوام کیلئے حکومت کی جانب سے ایک اور بری خبر آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے بجلی7 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے دی ہے، حکومت نے بنیادی قیمت میں اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کردی ہے، نیپرا اب وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ دے گا۔
نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردے گی۔
اس کے علاوہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز ہے، 100 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی 3 روپے فی یو نٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے۔
101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی 5 روپے مہنگی کرنے کی تجویز ہے، 201 سے 300 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی 5 روپے مہنگی کرنےکی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ301 سے 400 یونٹ والے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 6 روپے 50 پیسے مہنگی کرنے کی تجویز ہے جب کہ 400 سے700 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی ساڑھے7 روپے مہنگی کرنی کی تجویز ہے۔
خیال رہے کہ نیپرا رواں مالی سال کے لیے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری پہلے ہی دے چکا ہے۔
سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ بجلی کے 55 فیصد صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا، اس کا اطلاق 45 فیصد صارفین پر ہوگا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
