اسلام آباد: نگران حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر گیس 100 فیصد مہنگی کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رابطہ کمیٹی کیلئے سمری تیار کر لی گئی ہے، ای سی سی سے حتمی منظوری کے بعد یکم اکتوبر سے فیصلے کا اطلاق ہو گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے آئندہ اقتصادی جائزہ سے قبل گیس قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم رواں مالی سال کے اختتام تک گیس سیکٹر گردشی قرضہ میں 46 ارب روپے اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کی قیمت نہ بڑھانے سے 185 ارب روپے کا شارٹ فال بڑھے گا جبکہ گھریلو صارفین کیلئے آر ایل این جی کی قیمتیں نہ بڑھائی تو 21 ارب کا شارٹ فال بڑھے گا۔
ذرائع کے مطابق جولائی سے ستمبر تک گیس کمپنیوں کے نقصان میں مزید 46 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ گیس سیکٹر کا مجموعی طور پر گردشی قرضہ 2700 سو ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آئندہ ای سی سی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر
25 ستمبر 2023 کو نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کام جاری ہے، گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، گیس شعبے کا گردشی قرض 28 سے 29 سو ارب روپے ہے۔ گیس کے شعبے میں بہتری کیلئے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، قیمتوں میں اضافے کیلئے 60 فیصد صارفین کو پروٹیکٹ رکھا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ اضافے سے متعلق کوشش ہے غریب صارفین پر 5 سو سے زائد کا بوجھ نہ پڑے، امیر طبقے کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ زیادہ ہوگا۔
گیس کی لوڈ شیڈنگ
4 اکتوبر 2023 کو نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے بتایا تھا کہ گھروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوگی، اس سال بھی آٹھ گھنٹے گیس مہیا کی جائے گی، ہم کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ ایل این جی منگوائی جائے گی، ملک میں گیس کی طلب زیادہ اور رسد کم ہے، ملک میں گیس کی طلب زیادہ اور رسد کم ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بجلی کی چوہدری 579 ارب روپے ہے، ابھی شروعات ہے کچھ دنوں میں مزید بہتری آئے گی، بجلی کا کریک ڈاؤن جاری ہے، ابھی تک 16 ارب روپے ریکور کئے ہیں، ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹر تبدیل کر ہے ہیں، ڈسکوز کو طویل المدتی کنسیشن پر نجی سیکٹر کے حوالے کریں گے، دسمبر تک ایل این جی کے دو کارگو ز فائنل کر دیئے ہیں، صنعت کے لئے گیس کی لوڈشیڈنگ کم ہوگی، چوری روکنے کے لئے ہمیں قانون سازی کی ضرورت پڑے گی، کچھ علاقوں میں ریکوری کرنا مشکل ہے۔
تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں تیز
نگران حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔
5 اکتوبر 2023 کو نگرن وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک بھر میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کو تیز کر کے مستقبل میں تیل اور گیس کی ضروریات کو موثر انداز میں پورا کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، خاص طور پر اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم شیل (سلیٹی) گیس اور ٹائیٹ گیس کے حوالے سے پالیسی تیارکر رہے ہیں، ہم پہلے ہی آن شور اور آف شور تلاش کے لیے دسمبر میں بولیوں کا اعلان کر چکے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اس سال اے ڈی آئی پی ای سی میں پاکستان کی موثر موجودگی ہے جس میں ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ اور متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والی تقریباً 10 کمپنیاں شامل ہیں، یقیناً یہ ایک امید افزا آغاز ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
