Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بینک صارفین کیلئے اہم خبر؛ اسٹیٹ بینک کا بڑا اعلان

اسٹیٹ بینک نے بینک صارفین کیلئے اہم اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے پالیسی ریٹ کو 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ محدود مجموعی طلب، بہتر ہوتی ہوئی رسدی رکاوٹوں، اجناس کی عالمی قیمتوں میں اعتدال اور سازگار اساسی بنیاد کی وجہ سے مالی سال 24 کی دوسری ششماہی میں عمومی مہنگائی میں خاصی کمی آئے گی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق پالیسی ریٹ کو 22 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے میں نومبر کے دوران مہنگائی پر جو ایم پی سی کی گزشتہ توقعات سے قدرے زیادہ تھی، گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثر کو پیش نظر رکھا گیا۔

کمیٹی کا نقطہ نظر ہے کہ مہنگائی کے منظرنامے کے لئے اس کے مضمرات ہو سکتے ہیں گو کہ تلافی کرنے والے کچھ عوامل خصوصاً تیل کی عالمی قیمتوں میں حالیہ کمی اور زرعی پیداوار کی بہتر دستیابی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ کمیٹی کا تخمینہ ہے بارہ ماہ کی مستقبل بین بنیاد پر حقیقی شرح سود بدستور مثبت ہے اور مہنگائی متوقع طور پر مسلسل کمی کی راہ پر گامزن ہے۔

زری پالیسی کمیٹی نے اپنے اجلاس کے بعد ہونے والی بعض پیش رفتوں کا ذکر کیا۔

اوّل، آئی ایم ایف ایس بی اے پروگرام کے تحت پہلے جائزے پر اسٹاف کی سطح پر اتفاق سے رقوم کی آمد کا راستہ کھل جائے گا اور اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے۔

دوم، مالی سال 24 کی پہلی سہ ماہی کے لیے سہ ماہی جی ڈی پی نمو کا نتیجہ ایم پی سی کی معتدل معاشی بحالی کی توقع کے مطابق رہا۔ سوم، اعتماد ِصارف اور اعتماد ِکاروبار کے حالیہ سرویز سے احساسات میں بہتری ظاہر ہوتی ہے۔

آخر میں، کمیٹی نے تخمینہ لگایا کہ زری پالیسی کا موقف مالی سال 25ء کے آخر تک 5-7 فیصد مہنگائی کے ہدف کے حصول کے لحاظ سے موزوں ہے۔

کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ تخمینہ ہدف کے مطابق مسلسل مالیاتی یکجائی اور منصوبے کے مطابق بیرونی رقوم کی بروقت آمد سے مشروط ہے۔

ایم پی سی کا نقطہ نظر ہے کہ مالی سال 24 کے دوران حقیقی جی ڈی پی کی بحالی معتدل رہنے کی توقع ہے۔

 ابتدائی تخمینوں کے مطابق مالی سال 24 کی پہلی سہ ماہی میں حقیقی جی ڈی پی 2.1 فیصد سال بسال بڑھی جبکہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں 1.0 فیصد نمو ہوئی تھی۔

Exit mobile version