Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف بی آر کا نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا پلان

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا پلان بنا لیا ہے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق نان فائلرز اب موبائل فون استعمال نہیں کرسکیں گے، ایف بی آر نے نان فائلرز کے موبائل فون اور سمز بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا، ایف بی آر اس ضمن میں 15 جنوری تک انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کرے گا۔

ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں نان فائلرز کی موبائل فون سمز بند کی جائیں گی، سمز سمیت نان فائلرز کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فون بھی بلاک ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بجلی کے کنکشن کاٹنے سے متعلق حکمت عملی بنائی جائے گی، ایف بی آر کو نان فائلرز کا بجلی کنکشنز کا مکمل ڈیٹا میسر نہیں ہے، بجلی کنکشنز کاٹنے سے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیکس ریونیو اور ٹیکس گزاروں کی تعداد بڑھانے کا مشن جاری ہے، نان فائلرز کو جاری کیے گئے نوٹسز کا جواب دینے کی آخری تاریخ 29 دسمبر 2023 تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ نان فائلرز کو نوٹس جاری ہونے کے بعد نام جاری کرنا قانونی تقاضا ہے، جس کے بعد بجلی و گیس کے کنکشن منقطع کرنے اور سموں کو بلاک کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر کو بجلی کے بل نہ رکھنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا چیلنج درپیش ہو گا، تاہم ایف بی آر کو پندرہ لاکھ نئے فائلرز  ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی امید ہے۔

اس سے قبل ایف بی آر کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے کہا تھا کہ موبائل فون سمز بلاک کرنے اور نان فائلرز کے یوٹیلٹی کنکشن منقطع کرنے کا عمل جنوری 2024 میں شروع ہو جائے گا۔

ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں بات کرتے ہوئے زمجد زبیر نے بزنس ریکارڈر کو بتایا تھا کہ کنیکشن کاٹنے اور موبائل سمیں بلاک کرنے کی مشق جنوری 2024 میں نافذ ہو جائے گی۔

چیئرمین ایف بی آر نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف بی آر کی کارکردگی میں بڑی رکاوٹ محدود وسائل ہیں، وافر وسائل کی دستیابی کے بعد ایف بی آر کے ریونیو کی وصولی میں مزید اضافہ ہوگا،  اب تک ایف بی آر نے جولائی تا دسمبر (2023-24) کے دوران 4,425 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 4,456 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں، جو 31 ارب روپے کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے، ایف بی آر زیر جائزہ مدت کے دوران 4,475 بلین روپے تک پہنچنے کے لیے پراعتماد ہے۔

Exit mobile version