Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کی تیاری کرلی

اسلام آباد: حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سرکاری ملازمین کی پنشن کا بڑا بوجھ ختم کرنے کیلئے نئی رضاکارانہ پنشن اسکیم تیار کرلی گئی ہے،نئی پنشن اسکیم سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے تیار کی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے سرکاری ملازمین کو حکومتی پنشن کی بجائے رضاکارانہ پنشن اسکیم دی جائے گی، وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کی رضامندی سےانکو نئی اسکیم میں منتقل کر سکتی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی نے سرکاری اور نجی شعبے دونوں میں نئی اسکیم کا اطلاق کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ نجی شعبہ اس وقت ملازمین کو پراویڈنٹ فنڈ یا گریجوٹی کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔

ایس ای سی پی کی تجویز ہے کہ نجی شعبہ ملازمین کو صرف رضا کارانہ پنشن اسکیم دے، اس اسکیم کے تحت ملازمت کی تبدیلی کی صورت میں بھی ملازمین کی پنشن سہولت جاری رہے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں 43 پنشن فنڈ کام کر رہے ہیں، ان فنڈز میں 61 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سب سے پہلے دو سال قبل پنشن فنڈز میں سرمایہ کاری کی، کے پی حکومت کے ملازمین کے 21 پنشن فنڈز کام کررہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت بھی ملازمین کیلئے رضاکارانہ پنشن اسکیم شروع کرنے والی ہے۔

Exit mobile version